واٹس ایپ نے دو اہم اور فائدہ مند نئے فیچرز کی آزمائش شروع کردی ہے جو بہت
جلد تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ اس مسیجنگ ایپ کے بارے میں کافی عرصے
سے افواہیں تھیں کہ یہ کسی میسج کو بھیجنے کے بعد اسے واپس یا ان سینڈ کرنے
کے فیچر پر کام کررہی ہے جس سے صارفین ایسے پیغامات کو ڈیلیٹ کرسکیں گے جو
وہ غلطی سے کسی دوسرے فرد کو سینڈ کرچکے ہوں گے۔ اب واٹس ایپ نے اس فیچر
کی آزمائش اپنے نئے بیٹا ورژن میں شروع کردی ہے۔ اور اچھی خبر یہ ہے کہ
واٹس ایپ اپنے صارفین کو پانچ منٹ کا وقت دے رہی ہے جس کے دوران بھیجے جانے
والے پیغامات کو ڈیلیٹ کرکے شرمندگی سے بچا جاسکتا ہے۔ تاہم پانچ منٹ بعد
اس پیغام
کو ڈیلیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔
اسی طرح بیٹا ورژن میں ایک اور فیچر کی آزمائش بھی کی جارہی ہے جس سے
پیغامات کے ٹیکسٹ کو فارمیت کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت صارفین کو اپنے پیغامات
کو فارمیٹ کرنے کے لیے مختلف کمانڈ استعمال کرنا پڑتی ہیں۔ جیسے ٹیکسٹ بولڈ
کرنے کے لیے لفظ کے آگے اور پیچھے * لگانا پڑتا ہے جبکہ اتالک کرنے کے لیے
_ لفظ کے آگے اور پیچھے ہوتا ہے۔ تاہم اب کمانڈز کی بجائے واٹس ایپ میں
فارمیٹ کے آپشنز دیئے جارہے ہیں اور صارفین مائیکرو سافٹ ورڈ کی طرح اب
اپنے ٹیکسٹ کو بولڈ، اٹالک یا اسٹرائیک تھرو کرسکیں گے۔ بیٹا ورژن میں
آزمائش کے بعد یہ فیچرز مستقبل قریب میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔